اسلام آباد،7ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے 11ستمبر تک ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے بینچ نے کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کارروائی روکنے کی استدعا کی۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ عدالت حکم امتناعی جاری کرے تو کارروائی روک دیں گے لیکن اگر ہائیکورٹ نے حکم امتناعی نہیں دیا تو کارروائی آگے بڑھائیں گے، پی ٹی آئی ہمارے حکم کی تعمیل کیوں نہیں کرتی۔ جس پرپی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں پارٹی فنڈنگ کا ریکارڈ جمع کراچکے ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں بھی جمع کرایا جائے، ریکارڈ جمع کرانے کا آخری موقع دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 11ستمبر کو پارٹی فنڈنگ کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔